طالبان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں داخلے سے قبل افغان حکومت کے ساتھ ساتھ اتحادی افواج کے لیے بھی کام کرنے والوں کے لیے عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے مال و جان کی حفاظت امارات اسلامی افغانستان کی بنیادی ذمے داری ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق دوحا میں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا کہ جنگجو دارالحکومت کے مضافات میں موجود ہیں اور مذاکرات ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘ہماری جنگجو کابل میں داخل نہیں ہوئے اور ہم نے ابھی بیان بھی جاری کردیا ہے کہ ہماری فورسز کابل میں داخل نہیں ہوں گی’۔
سہیل شاہین نے کہا کہ ‘ہم دارالحکومت اور پرامن انتقال اقتدار کے لیے مذاکرات اور انتظار کر رہےہیں’۔
طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے اس سےقبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مجاہدین خزانہ، عوامی سہولیات، سرکاری دفاتر اور آلات، پارکس، سڑکوں اور پل وغیرہ پر خاص توجہ دیں گے۔