ٹوکیو:جاپان کی حکومت نے جاپان آنے والے یوکرینی پناہ گزینوں کو ایک سال کا ویزا حاصل کرنے کا اختیار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاپانی خبررساں ادارے نے وزارت انصاف کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان کا ملک یوکرینی پناہ گزینوں کو ایک سال کا ویزا دے گا، اس سے قبل جاپان پہنچنے والے 47 یوکرینی باشندوں کو پہلے ہی 90 دن کی مختصر مدت کے ویزے جاری کیے گئے ہیں۔وزیر انصاف فوروکاوا یوشی ہِیسا نے کہا ہے کہ یوکرینی شہری اگر چاہیں تو نامزد سرگرمیوںکے ویزے کی حیثیت اختیار کر سکتے ہیں، جس سے انہیں جاپان میں ایک سال تک رہنے اور کام کرنے کی اجازت مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے ضروری اعانت فراہم کرنے کے مقصد سے انتظامی نائب وزیر کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس بھی تشکیل دے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو مجموعی طور پر وسیع پیمانے کی حامل مدد کی پیشکش کرنی چاہئے جو ہر فرد کی مخصوص ضروریات کو پورا کرے۔