سری نگر:بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی سیکورٹی فورسزکی جا نب سے بڑے پیمانے پر کشمیریوں کے قتل عام، جبری گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی دیگر پامالیوں کے خلاف آج جمعہ کو مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے دی ہے۔ کشمری میڈیا کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی جا نب سے جاری ایک بیان میںمقبوضہ علاقے میںبے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجی کشمیریوں کی منظم نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارتی فورسز نے گزشتہ جمعرات سے پورے مقبوضہ علاقے میں جاری تلاشی اور محاصرے کی پر تشدد کارروائیوں کے دوران 11نوجوانوں کو شہید اور درجنوں عمارتوں کو تباہ کر دیاہے۔حریت قیادت نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سخت نوٹس لیں اور بھارت پر کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر کئے گئے اپنے وعدے پورے کرنے کیلئے دبائو بڑھائیں۔