امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے گوادرمولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ضلع گوادر میں عوامی ٹرانسپورٹ کے مسائل اور گرین بس سروس کے آغاز سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے تمام بڑے اضلاع کو جدیدٹرانسپورٹ کی سہولت، شاہراہوں ، ٹر ک، ٹرانسپورٹرزومسافرزکی حفاظت ضروری ہے۔
بجٹ میں سب علاقوں کی ترقی،امن بلخصوص تعلیم وصحت پرخصوصی دی جائے۔گوادر شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری ضروریات کے پیش نظر جدید اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرین بس سروس کو جلد از جلد گوادر میں فعال کیا جائے تاکہ شہریوں، طلبہ، ملازمین اور خواتین کو محفوظ، سستی اور باقاعدہ سفری سہولیات میسر آسکیں۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ گوادر میں گرین بس سروس کے آغاز کے لیے عملی اقدامات کو تیز کیا جائے گااور بہت جلداس منصوبے پر پیش رفت سامنے آئے گی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ گوادر میں گرین بس سروس کے اجرا کے لیے ضروری انتظامات مکمل کر رہا ہے اور عوام کو جدید سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ گرین بس سروس کے آغاز سے نہ صرف شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ شہر میں ٹریفک کے مسائل میں بھی کمی آئے گی اور عوام کو باوقار سفری ماحول فراہم ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ گوادر کی شہری ترقی اور عوامی سہولیات میں اضافے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔