جدید دور میں مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی تعلیم کے شعبے میں انقلاب برپا کر رہی ہے، کمشنر لورالائی

لورالائی میں پرائمری تعلیم کے نظام میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے مؤثر استعمال کے حوالے سے چار روزہ تربیتی و آگاہی سیمینار کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ سیمینار کا افتتاح کمشنر لورالائی ولی محمد بڑیچ نے باضابطہ فنگر پرنٹ سسٹم کے ذریعے کیا۔افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر داؤد کنڈی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبد الحمید ابڑو، ادارہ اہذ کے ریکٹر انجینئر عزیز اللہ خلجی، اساتذہ، طلباء و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر لورالائی نے کہا کہ جدید دور میں مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی تعلیم کے شعبے میں انقلاب برپا کر رہی ہے، اور وقت کا تقاضا ہے کہ بلوچستان کے طلباء کو بھی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ وہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر مقابلے کی صلاحیت حاصل کرسکیں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبد الحمید ابڑو نے کہا کہ پرائمری سطح پراے آئی اور آئی ٹی کے استعمال سے طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں، سیکھنے کی رفتار اور تدریسی معیار میں نمایاں بہتری لائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ جدید تدریسی طریقوں کو اپناتے ہوئے بچوں کو ڈیجیٹل تعلیم کی جانب راغب کریں۔ادارہ اہذ کے ریکٹر انجینئر عزیز اللہ خلجی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مصنوعی ذہانت مستقبل کی اہم ترین ٹیکنالوجی ہے، جو نہ صرف تعلیم بلکہ صحت، تجارت، زراعت اور صنعت سمیت ہر شعبے میں نمایاں تبدیلیاں لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمینار کے دوران شرکاء کو اے آئی ٹولز، ڈیجیٹل لرننگ، آن لائن ایجوکیشن پلیٹ فارمز، کمپیوٹر لٹریسی اور جدید آئی ٹی مہارتوں کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
تقریب کے دوران مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے نہ صرف تعلیمی نظام بہتر ہوگا بلکہ نوجوان نسل کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے حکومت اور تعلیمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں بھی آئی ٹی لیبارٹریز، انٹرنیٹ سہولیات اور ڈیجیٹل تعلیمی مراکز قائم کیے جائیں تاکہ طلباء جدید تعلیم سے بھرپور استفادہ حاصل کرسکیں۔سیمینار کے اختتام پر طلباء و طالبات نے مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق مختلف پراجیکٹس اور ماڈلز بھی پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔آخر میں ادارہ اہذکے ریکٹر انجینئر عزیز اللہ خلجی نے مہمانوں میں شیلڈ تقسیم کیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.