موسیٰ خیل، 17 اگست: ایس پی کلیم اللہ کاکڑ کی ہدایت پر پولیس نے مرغہ کبزئی روڈ پر ناکہ بندی کے دوران کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرکے چار کلوگرام چرس برآمد کرلی، جبکہ دوسرا ملزم فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ناکہ بندی کے دوران ایک موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم سواروں نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے تعاقب کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
گرفتار ملزم کی موٹر سائیکل کے خفیہ خانے سے چار کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف انسداد منشیات قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
گرفتار ملزم کی شناخت شاہد حسین ولد گل حسن، قوم قیصرانی، ساکن پشتون آباد موسیٰ خیل کے نام سے ہوئی، جبکہ فرار ملزم حبیب اللہ ولد پالے، قوم نوحزئی بتایا گیا ہے۔
ایس پی کلیم اللہ کاکڑ نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت چوکس ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی