حضرت پیر سخی سید صالم شاہ بخاریؒ کا تین روزہ سالانہ عرس 20 سے 22 جنوری 2026 تک سبی میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ عرس کا باقاعدہ آغاز مزار پر چادر پوشی سے ہوگا، جبکہ اس موقع پر درسِ قرآن، قرآن خوانی، محافلِ نعت، دودھ سبیل اور صالم شاہ کانفرنس سمیت مختلف بابرکت تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
انتظامیہ کے مطابق امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ حضرت پیر سخی سید صالم شاہ بخاریؒ کے 111ویں عرس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ مزار شریف کو رنگ و روغن، برقی قمقموں سے سجاوٹ اور چراغاں کیا جا رہا ہے، جبکہ صالم شاہ قبرستان میں صفائی کے بہترین انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ رات کے اوقات میں قبرستان اور آمدورفت کے راستوں پر اسٹریٹ لائٹس کے ذریعے مناسب روشنی فراہم کی جائے گی۔
متولی دربار بابا غوث بخش القادری نے کہا کہ اگرچہ حضرت پیر سخی سید صالم شاہ بخاریؒ کو وصال کیے ایک صدی سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، تاہم ان کا فیض آج بھی جاری و ساری ہے۔ انہوں نے عوام و خواص سے اپیل کی کہ تین روزہ عرس میں باوضو شرکت کرکے دین و دنیا کی بھلائیاں حاصل کریں اور اولیائے کرام کے پیغامِ امن، محبت، اتحاد اور یکجہتی کو عام کریں۔