کوٹلی:وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی ہدایت پر آزاد کشمیر بھر کی طرح حریت پسند رہنما یٰسین ملک کی غیر قانونی گرفتاری ان پر ہندوستان کی طرف سے فراڈ و جعلی مقدمات کے خلاف اور ان سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی ریلی احاطہ کچہری سے ڈسٹرکٹ پریس کلب تک نکالی گئی، شرکاء ریلی نے بھارتی مظالم کے خلاف نعرہ بازی کی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر امجد علی مغل،صدر بار راجہ مسعود ایڈووکیٹ،ایس پی ریاض مغل،تاجر و پیپلزپارٹی کے رہنما نصیر راٹھور ایڈووکیٹ،تاجر رہنما اعجاز مغل،صدر پریس کلب شوکت قمر،حریت کانفرنس کے رہنما محمود ایڈووکیٹ،ڈی ایچ او ڈاکٹر شفقت شاہ،چیف افسر بلدیہ ملک محمد نواز اوراسسٹنٹ کمشنر چوہدری نعیم اختر نے کی جبکہ احتجاجی ریلی میں وکلاء،سول سوسائٹی،طلباء سمیت دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے بھارتی ہتھکنڈوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کی شرکا کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے آزادی پسندوں کی غیر قانونی گرفتاریاں اور خاص طور پر ممتاز کشمیری رہنما ملک محمد یسین پر جھوٹے اور بے بنیاد کیس بنائے جانیکے خلاف صدر بار راجہ مسعود خان کی طرف سے پیش کی گئی مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ مقررین نے اقوام متحدہ سے یاسین ملک پر قائم جعلی مقدمات کا نوٹس لینے اور حریت رہنماوں کے خلاف جعلی مقدمات کا خاتمہ کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلایا جائے انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کو مسلمانوں کے لئے جیل بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ریلی کے آخر پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے دعا کرائی گئی۔