بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار آٹومیشن سافٹ ویئر کے ذریعے بجٹ کی ڈیجیٹائزڈ تشکیل کو صوبائی کابینہ نے ایک اہم انتظامی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے اس پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا ہے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مالی سال کے بجٹ کی جدید، شفاف اور ڈیجیٹل بنیادوں پر تیاری کو سراہا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ بجٹ مکمل طور پر آٹومیشن سافٹ ویئر کے ذریعے تیار کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف شفافیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے بلکہ مالی نظم و نسق کو بھی جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملی ہے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جدید آٹومیشن نظام کے نفاذ سے بجٹ سازی کے عمل میں رفتار، درستگی اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، جبکہ انسانی مداخلت کو کم کرتے ہوئے فیصلوں کو ڈیٹا بیسڈ بنیادوں پر استوار کیا گیا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بجٹ کی تیاری کے دوران انتھک محنت اور پیشہ ورانہ خدمات پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم اور محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی پوری ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم کی اجتماعی محنت کا نتیجہ ہے کہ بلوچستان نے بجٹ سازی کے عمل میں ڈیجیٹل اصلاحات کی سمت ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شفافیت، کارکردگی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور آٹومیشن پر مبنی یہ نظام گڈ گورننس کے فروغ میں ایک اہم پیش رفت ہے۔