پیرس: فرانسیسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ جوہری آبدوز ڈیل پر امریکا اور آسٹریلیا نے جھوٹ اور دوغلے پن کا مظاہرہ کیا۔
فرانسیسی وزیر خارجہ جین لی ڈرائن نے ایک انٹرویو میں آسٹریلیا کی جانب سے جوہری آبدوزوں کی خریداری کے معاملے پر فرانس سے معاہدہ منسوخ کرکے امریکا سے ڈیل کرنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے دیرینہ اتحادیوں امریکا اور آسٹریلیا کو جھوٹا قرار دیدیا۔
فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ تاریخ میں پہلی بار فرانس نے امریکا سے اپنا سفیر واپس بلوالیا ہے، یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ہم خوش نہیں اور ہمارے درمیان اب ایک سنگین بحران ہے جب کہ ہم اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی پوزیشن کا جائزہ لیں گے، یہ معاہدہ دوغلاپن، حقارت اور جھوٹ پر مبنی ہے اور اتحادیوں کے درمیان اس طرح نہیں کھیلا جاتا۔