نوابزادہ امیر حمزہ زہری کا شہری ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیئے جامع پلان دینے کا اعلان

صوبائی مشیر برائے محکمہ بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے خضدار میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبے کے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل اور شہری ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع اور مربوط منصوبے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے وہ اپنے والد، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت کے جذبے کو مزید تقویت دیں گے۔
نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے اپنی گفتگو میں خاص طور پر نوجوانوں کے اعتماد اور حوصلے کو بلند کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بلوچستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، اور ان کے لیئے خصوصی منصوبوں کے ذریعے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے بلکہ معاشی و سماجی بہتری کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا، “ہمارا وڑن ہے کہ بلوچستان کا ہر نوجوان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو اور ترقی کے سفر میں فعال کردار ادا کرے۔

اس کے لیئے ہم نئے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں جو معاشی استحکام اور سماجی ترقی کی بنیاد رکھیں گے۔”صوبائی مشیر نے محکمہ بلدیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیئے محکمے کے ڈھانچے کو مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 6 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، جو صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے لیئے استعمال ہوگی۔
اس فنڈ کا ایک بڑا حصہ سبزی منڈیوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دینے پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، “ہم سبزی منڈیوں میں کولڈ اسٹوریج سمیت دیگر جدید سہولیات متعارف کرائیں گے، جس سے کسانوں اور تاجروں کو فائدہ ہوگا اور صارفین کو بہتر ماحول میسر آئے گا۔”نوابزادہ زہری نے خضدار شہر کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا، “خضدار کو ایک مثالی شہر بنانے کے لیئے بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ سڑکوں، پانی کی فراہمی، نکاسی آب، اور دیگر شہری سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو معیاری زندگی میسر ہو۔” انہوں نے مزید کہا کہ مقامی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جو خاص طور پر نوجوانوں کے لیئے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگی۔
صوبائی مشیر نے واضح کیا کہ محکمہ بلدیات کے تحت جاری تمام منصوبوں کی سخت نگرانی کی جائے گی تاکہ وسائل کا بہترین استعمال اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا، “ہم چاہتے ہیں کہ ترقیاتی منصوبوں میں عوام کی رائے اور مشاورت کو شامل کیا جائے تاکہ ان کی ضروریات کے مطابق کام کیا جا سکے۔ عوام ہمارے لیئے اولین ترجیح ہیں، اور ان کی آواز کو ہر مرحلے پر سنا جائے گا۔
“صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے ہر شہر اور دیہی علاقوں کی یکساں ترقی کے لیئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا، “ہم دستیاب وسائل کے اندد رہتے ہوئے صوبے کے ہر کونے میں ترقی کی روشنی پہنچانے کی کوشش کریں گے۔” انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کے لیئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا، “عوام کا تعاون ہمارے لیئے بہت اہم ہے۔ ہم مل کر بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔”اس موقع پر چیف آفیسر خضدار وڈیرہ محمد صالح جاموٹ، سیاسی و سماجی رہنما سردار زادہ میر ظفر علی ساسولی، موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.