اوتھل(رپورٹ،غلام مرتضیٰ لاسی) اوتھل کے قریب مسافر کوچ اور 2 پک اپ گاڑیوں میں خوفناک تصادم، 9 مسافر جاں بحق 2 زخمی، حادثے کے بعد ہر طرف آہ و بکا پھیل گئی، رقت آمیز مناظر، تفصیلات کے مطابق اوتھل کے قریب قومی شاہراہ پر ابو ہوٹل کے مقام پر پنجگور سے کراچی جانے والی کوچ اور کراچی سے خضدار جانے والی دو پک اپ گاڑیوں میں خوف ناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 9 افراد موقع پر ہی جابحق ہوگئے اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، ایدھی فاؤنڈیشن کے انچارج ڈاکٹر عبد الحکیم لاسی، ایس ایچ او اوتھل انسپکٹر جان محمد جاموٹ اور لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کی ایمبولینسز جائے حادثہ پر پہنچ گئے زخمیوں اور نعشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوتھل اور سول ہسپتال بیلہ منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت شکور احمد ولد محمد عالم کوچ ڈرائیور، شکیل احمد ولد عبد الحمید سکنہ بیلہ، عبدالغفور ولد حاجی محمد علی پک اپ ڈرائیو، محمد حنیف ولد مصر، محمد یونس ولد حاجی محمد علی، عبداللہ ولد عبدالغفور، محمد انس ولد منظور احمد، عبداللہ ولد عبد الحمید، محمد یاسین ولد پیر محمد شامل تھے جبکہ شدید زخمیوں میں امید علی ولد محمد صادق، محمد سعید ولد اللّٰہ بخش شامل تھے۔ نعشوں کو ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا جبکہ زخمیوں کو مزید علاج کے لئے کراچی ریفر کردیا۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔