نصیرآباد۔۔۔۔۔کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے کہا ہے کہ روڈ نیٹ ورک کے منصوبوں کا معیاری ہونا انتہائی ضروری ہے، بلیک ٹاپ منصوبوں میں پیشگی ادائیگی کو کبھی بھی قبول نہیں کیا جائے گا۔ پی سی ون کے مطابق منصوبے مکمل کروانے کے لیے انجنیئرز کی سائٹ پر موجودگی نہایت ضروری ہے۔ انجنیئر اپنی نگرانی میں منصوبے مکمل کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات روڈز کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو انجنیئر روڈز نصیرآباد عبدالرحمن خان کاکڑ، ایگزیکٹو انجنیئر روڈز صحبت پور جہانگیر خان کھوسہ، ایگزیکٹو انجنیئر روڈز اُستامحمد امتیاز احمد کھوسہ، سب ڈویژنل آفیسران نادر علی پہنور وسیم احمد قدیر احمد اعجاز علی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ کمشنر صلاح الدین نورزئی نے احکامات دیے کہ بلیک ٹاپ کے چھوٹے چھوٹے منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔ جن منصوبوں میں پیشرفت میں کمی بیشی دیکھی جا رہی ہے، اس جانب خصوصی توجہ دی جائے۔ انجنیئرز پر لازم ہے کہ وہ مفاد عامہ میں بہتر اقدامات کو یقینی بنائیں۔ تمام روڈز کے کنارے بھی تعمیر کیے جائیں تاکہ سڑکیں دیرپا ثابت ہوں۔پی سی ون پر ہرصورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ڈویژنل انتظامیہ تمام منصوبوں کے معیار کو پرکھنے کے لیے سرپرائز وزٹ کرکے تمام تر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔