نصیرآباد: زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم، غیر قانونی طریقے سے پانی چوری کرکے آبپاشی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

محکمہ ایریگیشن نصیرآباد ڈویژن کی جانب سے زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے اور غیر قانونی طور پر پانی حاصل کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں سپرنٹنڈنگ انجینیئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد غلام سرور بنگلزئی کی ہدایت کی روشنی میں آر ڈی 418 سے آر ڈی 558 تک ایک بڑے آپریشن کے دوران کئی غیر قانونی پائپس اور مشینری کو ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ہٹا دیا گیا۔ان غیر قانونی ذرائع کے ذریعے غیر کمانڈ ایریاز کو سیراب کیا جا رہا تھا، جس سے ٹیل کے کاشتکاروں کے حقوق متاثر ہو رہے تھے۔ سپرنٹنڈنگ انجینیئر غلام سرور بنگلزئی نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ غیر قانونی ذرائع سے پانی حاصل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور ان عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ آپریشن صوبائی سیکرٹری ایریگیشن اور چیف انجینیئر کنال ناصر مجید کی واضح ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے تاکہ پانی کی منصفانہ تقسیم ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایگزیکٹو انجینیئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی کی نگرانی میں محکمہ ایریگیشن نصیرآباد ڈویژن کی جانب سے کاشتکاروں کو ان کے جائز حصے کا پانی فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور خاص طور پر ٹیل کے علاقوں میں کسانوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کمانڈ ایریا میں غیر قانونی پانی کے استعمال کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔آج بھی محکمہ کے عملے نے بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانونی پائپ لائنز اور مشینری کو اکھاڑ دیا۔ سپرنٹنڈنگ انجینیئر غلام سرور بنگلزئی کا کہنا تھا کہ غیر کمانڈ ایریا میں چوری کے ذریعے کاشتکاری کا عمل نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے کمانڈ ایریا خصوصاً ٹیل کے کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے۔ ان تمام غیر قانونی واٹر کورسز اور پائپ لائنز کو مشینری کے ذریعے تلف کیا جا رہا ہے تاکہ اصل حق داروں کو ان کا پانی فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ایریگیشن اپنے مشن پر کاربند ہے اور زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم کے عمل کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.