23 اگست 2025
برنالہ(عسکر انٹرنیشنل)
آزادکشمیر حکومت کے سینئروزیر/وزیرداخلہ کرنل وقاراحمدنورنے برنالہ بار میں خطاب کے دوران کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق کی قیادت میں تمام شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کے یکساں مواقع دییےگئے ،وکلاء کا ہمارے معاشرے میں کلیدی کردار ہوتاہے،برنالہ بار کے وکلاء صاحبان کا ہرممکن خیال رکھیں گے۔جلد عدالت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کی منظوری کا پراسیس مکمل ہو گا۔بار کی ویلفئیر کے لیے 10لاکھ روپےگرانٹ کا اعلان کرتا ہوں۔وکلاء کے چیمبرز،لائبریری بار روم کے مطالبات پر بھی عملی اقدامات ہوں گے
موسٹ سینئروزیرنے کہاکہ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔حکومت آزادکشمیرنے تاریخی ہیلتھ بجٹ دیا،سستی بجلی اور سسٹا آٹا دینا ایک اہم سنگ میل ہے۔پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کیا۔حکومت نے بلاتفریق ریاست بھر میں تعمیر و ترقی ،صحت وتعلیم کے حوالہ سے کام کیا ملازمین کی حاضری شفافیت میرٹ گڈ گورننس جزا و سزا کے لیے کام کیا۔ریاستی نظام کو بہتر ٹریک پر ڈالا ہے اگر ہر شخص نیت صاف رکھ کر مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھے گا تو ترقی کا پہیہ تیزی سے چلے گا۔جس طرح پوری قوم آپریشن بنیان المرصوص میں سیسیہ پلائی دیوار بن کر بھارت کے خلاف لڑی اور کامیابی ملی اسی طرح اجتماعی نوعیت کے مسائل میں سب متحد ہوں۔
بار میں وکلاصاحبان سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے مزیدکہاکہ کہ وکلاء معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام کے ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بار اور بینچ کے درمیان بہترین روابط کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کیا جا سکے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی ان کی خدمات ملک و قوم کے لیے ناگزیر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے وکلاء کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
دوران تقریب چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی بارکونسل آف آزادکشمیر ایڈووکیٹ مرزا صغیر حیدر جرال،صدربار اعجاز احمد جنرل سیکرٹری وقارعنصرسابق صدر بارچوہدری راشدعلی و دیگر نے وزیرداخلہ کی خدمات کو سراہا بار کے لئے خصوصی گرانٹ و عدالت کے قیام میں بنیادی کردار ادا کرنے پرانکی کاوشوں کو سلام پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ وکلاء صاحبان ہمیشہ عدل و انصاف کے لیے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں گے