امریکا سے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیئے، ایران
ایران نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے غیر قانونی اور غیر انسانی پابندیوں کے عائد کیے جانے کے باوجود ہم نے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا کے ساتھ مستقبل میں تعلقات کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم ایران نے امریکی ناانصافیوں کے باوجود مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیئے ہیں۔
ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کیخلاف امریکا کے جرائم کی فہرست طویل ہے لیکن اب ماضی بھلا کر ایک روشن مستقبل کی جانب دیکھنا چاہیئے۔ اسی تناظر میں صدر حسن روحانی نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن سے مذاکرات کے آغاز کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور صدارت میں ایران کے ساتھ تعلقات کشیدہ رہے ہیں جس میں اضافہ عالمی جوہری معاہدے سے علیحدگی کے بعد ہوا تھا۔