عمران خان سے اتحاد کی خبر سن کر شجاعت پھوٹ پھوٹ کر روئے، طارق بشیر چیمہ

پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ بنانے کے ضامن زرداری تھے،7 دن پہلے تک پرویز الہٰی سے رابطہ تھا
پرویز الہٰی کا نام سننے تک کوعمران تیار نہیں تھا، چودھری پرویزالہیٰ کو گالی کے بغیر بلاتا نہیں تھا
اسلام آباد(پی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ عمران سے اتحاد کی خبر سن کر چودھری شجاعت حسین پھوٹ پھوٹ کر روئے،کیونکہ چودھری پرویز الہٰی کا نام سننے تک کوعمران تیار نہیں تھا، چودھری پرویزالہیٰ کو گالی کے بغیرعمران بلاتا نہیں تھا۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ حکومتی اتحاد کا فیصلہ ہے کہ فل کورٹ تشکیل نہ دیا گیا تو عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائے گا، میرا نہیں خیال کہ کل ہمارے وکلا عدالت میں پیش ہوں گے، ہم توصرف فل کورٹ تشکیل دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں، حکومتی اتحاد کل سماعت میں نہیں جائے گا۔پی پی آئی کے مطابق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے چودھری برادران کے ساتھ 18 سال گزارے ہیں، چودھری پرویز الہٰی اور چودھری شجاعت حسین دونوں ہمارے لئے قابل احترام ہیں، عدم اعتماد کی تحریک سے پہلے چودھری پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا تھا، چودھری پرویزا لہٰی کو وزیراعلیٰ بنانے کے ضامن آصف زرداری تھے، خواجہ سعد رفیق نے بتایا تھا کہ نواز شریف پرویزالہیٰ کو وزیراعلیٰ بنانے کیلئے راضی ہوگئے ہیں،پی پی آئی کے مطابق طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ آج سے 6،7 دن پہلے تک میرا چودھری پرویز الہٰی سے رابطہ تھا، یہ بچے ہیں، میری حیثیت کیا ہے کہ میں ان کے خاندان کو توڑوں؟

Leave A Reply

Your email address will not be published.