کراچی: سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں عدالت نے کہا کہ نسلہ ٹاورگرانے کیلئے کنٹرولڈ ماڈرن ڈیوائسز کا استعمال کیا جائے، ہمسایہ ممالک میں عمارتوں کو گرانے کا طریقہ دیکھا جائے، عمارت گرانے کا عمل ایک ہفتے یں مکمل کیاجائے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی جانب سے نسلہ ٹاور کو گرانے کے حوالے سے تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا ہے، تحریری فیصلے میں احکامات دیئے گئے ہیں کہ نسلہ ٹاور گرانے کیلئے کنٹرولڈ ماڈرن ڈیوائسز کا استعمال کیا جائے۔
تحریری فیصلے میں عدالت نے کہا کہ جائزہ لیں دنیا بھر میں عمارتیں کس طرح گرائی جاتی ہیں، ہمارے ہمسایہ ممالک بشمول بھارت میں عمارتوں کو گرانے کا طریقہ کار بھی دیکھا جائے۔
سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ نسلہ ٹاور کو گرانے کے دوران اطراف کوئی نقصان نہ ہو،نسلہ ٹاور گرانے کا عمل 27 اکتوبر کے بعد ایک ہفتے میں مکمل کیا جائے۔
عدالت نے کہاکہ نسلہ ٹاور گرانے کے اخراجات عمارت کے مالک سے لےن جائیں، مالک اگر رقم نہ دے تو کمشنر کراچی زمین کو فروخت کردیں، آئندہ سماعت پر کمشنر کراچی پیشرفت سے عدالت کو آگاہ کریں۔
نسلہ ٹاور سے سامان کی منتقلی جاری
دوسری جانب نسلہ ٹاور سے رہائشیوں کے سامان کی منتقلی کا عمل ابھی تک جاری ہے اور عمارت میں ابھی تک خاندان رہائش پذیر ہیں، عمارت کو خالی کرنے کی مہلت گزشتہ روز ختم ہوچکی ہے جس کے بعد ٹاور کو انتظامیہ نے تاحال تحویل میں نہیں لیا۔
نسلہ ٹاور کے یوٹیلیٹی کنکشنز منقطع کیے جاچکے ہیں اور کمشنرکراچی آفس نے کنٹرولڈ بلاسٹنگ سے عمارت کو گرانے کیلئے اشتہار بھی جاری کردیا ۔