اقوام متحدہ نے افغانستان کی حالیہ صورتحال پر پاکستان سے مدد طلب کر لی

افغانستان میں روز بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث اقوام متحدہ نے افغانستان میں امدادی سرگرمیوں اور فوڈ سپلائی کے لئے پاکستان سےمدد طلب کر لی۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے اپنے فوڈ پروگرام کے تحت افغانستان میں فوڈ سپلائی کے لئے پاکستان سے معاونت کی درخواست کی ہے جس کو پاکستان نے منظور کرتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اقوام متحدہ فوڈ پروگرام، افغانستان میں فوڈ سپلائی کے لئے پاکستان کے ایئرپورٹس استعمال کرسکے گا۔

اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اقوام متحدہ کو آپریشن کرنے کی مشروط اجازت دیتے ہوئےنوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔

جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق امدادی پرواز میں فوجی سامان لے جانا منع ہوگا، عالمی ادارہ خوراک کو فیس ادا کرنی ہوگی، کسی قسم کا اسلحہ اور کیمیکل پرواز میں نہیں جائے گا، جو امدادی سامان جائے گا اس کی تفصیلات دینی ہوگی جبکہ عالمی ادارہ خوراک کو اس آپریشن کی فیس ادا کرنی ہوگی۔

سول ایوی ایشن کے مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ دو افراد پر مشتمل پرواز روزانہ اسلام آباد سے کابل کے لئے روانہ ہو گی، ایم 18 ہیلی کاپٹر کے ذریعے 6 افراد پشاور سے خوراک لے کر کابل جائیں گے، افغانستان میں خوراک پہنچانے کے لئے اسلام آباد اور پشاور ائیر پورٹ کو استعمال کیا جائے گا، کابل خوراک پہنچانے کے لئے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کا استعمال ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.