کراچی: پی آئی اے نے عراقی شہر نجف کے لیے باقاعدہ فضائی سروس شروع کردی ہے۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق پی آئی اے کی پہلی شیڈول پرواز PK-219 اکیانوے مسافروں کو لے کر نجف پہنچ گئی، پرواز کے ساتھ عراقی سفیر جناب حامد عباس لفتہ اور سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک بھی نجف پہنچے۔
کراچی ائیر پورٹ پر ایک سادہ سی تقریب میں سی سی او پی آئی اے، پاکستانی سفیر، جید علماء اور مسافروں نے مل کر کیک کاٹا، دوران پرواز زائرین جوش و ولولے سے بھرپور نوحہ سراں رہے، نجف ائیرپورٹ پر گورنر نجف، پاکستانی سفیر، عراقی سول ایوی ایشن کے سربراہ اور مذہبی رہنماؤں نے پرواز کا استقبال کیا۔
پاکستان کے سفیر احمد علی کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی شیڈول پروازیں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط کریں گی، اب کوشش ہوگی کہ نجف کے بعد پی آئی اے بغداد کے روٹ کو بھی جلد شروع کرے، وفد نے استقبالیے کے بعد مسجد کوفہ اور حضرت علیؓ کے روضہ کی زیارت کی، وفد اس ہی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچ گیا۔