کراچی،لاہور (سپورٹس رپورٹر) پی ایس ایل سیزن پانچ کے ایلی مینٹر ٹو میچ میں لاہور قلندرز دھمال ڈالتے ہوئے فائنل میں داخل ہوگئے جبکہ ملتان سلطانز بے حال ہو کر 25رنز کی شکست کے باعث گھرکوروانہ ہوگئے ، سہیل اختر الیون کل (منگل) کو کراچی کنگز کیخلاف فائنل میچ کھیلے گی ۔گزشتہ روز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہونیوالے ایلی مینٹر ٹو میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 182 رنز بنائے ، تمیم اقبال اور فخر زمان نے اپنی ٹیم کو 46رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن تیز کھیلنے کی کوشش میں تمیم اقبال پانچویں اوور کی سیکنڈ لاسٹ گیند پر 30 رنز بناکر پیسر جنید خان اور خوشدل شاہ کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے ،ان کی ذمہ دارانہ اننگز 5 چوکوں سے سجی تھی۔ کپتان سہیل اختر توقعات پر پورا نہ اتر سکے اورمحض5رنز بنانے کے بعد محمد الیاس کی وکٹ بنے ، محمد حفیظ نے فخر زمان کیساتھ مل کر تیسری وکٹ کیلئے 40 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم جب مجموعی سکور 94رنز پر پہنچا تو وہ شاہد آفریدی کی ڈلیوری کو نہ سمجھ سکے اور لانگ آف پوزیشن پر موجود فیلڈر ایڈم لیتھ نے 19رنز پر اُن کا کیچ کیا۔تھوڑی دیر بعد 104 رنز کے مجموعی سکور پر فخر زمان کی ہمت بھی جواب دے گئی جو 36گیندوں پر2چھکوں اور 4 چوکوں سے مزین46رنز بنا سکے ۔بین ڈنک کا جادو نہ چل چکا اور انہیں شاہد آفریدی نے صرف 3 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔5مستند بیٹسمینوں کے 111رنز پر پویلین واپسی کے بعد سمت پٹیل اور ڈیوڈ وائز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور بورڈ کو حرکت میں رکھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چھٹی وکٹ کیلئے 59رنز کی پارٹنر شپ ہوئی تاہم اس شراکت داری کو سہیل تنویر نے اس وقت تھوڑا جب سمت پٹیل 26رنز بنانے کے بعد کور پوزیشن پر شان مسعود کوآسان کیچ دے بیٹھے ۔ ڈیوڈ وائز نے 21گیندوں پر تین چوکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 48رنز بٹورکر اپنی ٹیم کے ٹوٹل کو چھ وکٹوں پر 182 رنز پر پہنچا دیا۔شاہد آفریدی نے دو مہرے کھسکائے ۔ ایڈم لیتھ ، سہیل تنویر، محمد الیاس اور جنید خان نے ایک ، ایک وکٹ کا بٹوارا کیا۔ جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 183رنز کے تعاقب میں 157رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ ایڈم لیتھ 50رنز پر قابل ذکر رہے ، خوش دل شاہ 30، کپتان شان مسعود 27، رلی روسو18 او ذیشان اشرف12رنز بنا سکے ۔ مذکورہ ٹیم کو آخری تین اوورز میں کامیابی کیلئے 48رنز درکار تھے تاہم شاہین آفریدی نے مسلسل دو گیندوں پر دو وکٹیں لے کر میچ کو مکمل طور پر اپنے حق میں کر لیا۔ حارث رؤف اور ڈیوڈ وائز نے تین ، تین وکٹیں لیں، دلبر حسین نے دو مہرے کھسکائے ۔قلندرزکے آل راؤنڈرڈیوڈ وائز مردمیدان قرارپائے انہوں نے پہلے بیٹنگ اورپھر باؤلنگ میں جوہر دکھانے کے ساتھ ساتھ شاندار فیلڈنگ کابھی مظاہرہ کیا۔