وفاقی حکومت بلین ٹری سونامی منصوبے سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر متحرک ہوگئی ہے۔
بلین ٹری سونامی منصوبے سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی ملک امین اسلم کی مشاورت کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سپریم کورٹ کو بلین ٹری منصوبے کی مکمل تفصیلات عدالت کو فراہم کیا جائے۔
حکومت نے عدالتی حکم کی روشنی میں تمام صوبوں سے بلین ٹری منصوبے کے تحت کی گئی شجر کاری کا مستند ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ بلین ٹری منصوبے کی ڈرون فوٹیج اور مستند تصاویر بھی ریکارڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ ہے جس کے لئے سپارکو سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سپریم کورٹ نے بلین ٹری سونامی منصوبے کا نوٹس لیتے ہوئے منصوبے کی تمام تفصیلات طلب کی تھیں۔ سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے تھے کہ آگاہ کیا جائے منصوبے پر اب تک کتنے فنڈز خرچ ہوئے؟ اور فنڈز خرچ ہونے کا جواز بھی ریکارڈ کے ساتھ پیش کیا جائے، کتنے درخت کہاں لگے؟ تمام تفصیلات تصاویر سمیت فراہم کی جائیں۔