لاہور( سپورٹس رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دسویں اور آخری راؤنڈ کے ابتدائی روز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں خیبر پختونخوا نے ناردرن کیخلاف چار وکٹوں پر 380 رنز بنا کر اپنی ٹاپ پوزیشن کو بدستور قائم رکھتے ہوئے فائنل کیلئے نشست یقینی بنا لی۔اسرار اللہ نے 62 رنز بنانے والے صاحبزادہ فرحان کیساتھ 158رنز کی اوپننگ شراکت کے ساتھ 127رنز کی عمدہ اننگز تخلیق کی جبکہ ریحان آفریدی نے بھی 127رنز بنائے جن کے ساتھ سنچری شراکت قائم کرنے والے کامران غلام 53 رنزپر ناقابل شکست ہیں۔یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس میں بلوچستان نے سندھ کے خلاف اکبرالرحمن کے ناقابل شکست 125رنز کی بدولت پانچ وکٹوں پر 314 رنز بنا ڈالے جبکہ ایاز تصور 72،کپتان عمران فرحت 42 اور بسم اللہ خان بھی 42 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے ،سندھ کیلئے تابش خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔سٹیٹ بینک سٹیڈیم میں وسطی پنجاب نے چار وکٹوں پر 309 رنز بنا ڈالے جس میں عثمان صلاح الدین ناقابل شکست 139رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ علی زریاب نے 78 اور سعد نسیم نے 72 رنز بنا کر ان کا سنچری شراکتوں کی بدولت ساتھ نبھایا۔فائنل میں جگہ بنانے کی دوسری اہم امیدوار ٹیم جنوبی پنجاب کے زاہد محمود کو ہی دو وکٹیں مل سکیں۔