واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے الزام عائد کیا ہے کہ القاعدہ شام کے بعد اب ایران میں منظم ہو رہی ہے اور عسکریت پسندوں کا نیا ٹھکانہ یہی سرزمین ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے انکشاف کیا ہے کہ القاعدہ کا ’نیا گڑھ‘ ایران ہے اور دنیا میں دہشت گردی کا تعلق اسی سرزمین سے ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ 2015 سے ایرانی حکومت داعش کو اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔ ایران دنیا میں دہشت گردی کا سبب بن رہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے دعوؤں کے ثبوت میں کسی قسم کے شواہد پیش نہیں کیے۔ صدر ٹرمپ کے اقتدار سنبھالتے ہی ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے اور ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
دوسری جاب ایران نے داعش کی سرپرستی اور سہولت کاری کے سمیت ایسے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کا ایک ایک حرف سراسر جھوٹ اور بہتان بازی ہے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے دو سال قبل ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدے سے دستبردار ہو کر ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کی تھیں جواب میں ایران نے بھی معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یورینیئم کی افزودگی میں اضافہ کردیا تھا۔