لاہور،کراچی (سپورٹس رپورٹرز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ بڑی عمر کے کھلاڑی کو ضرور کھیلنے کا موقع دینا چاہیے ۔ گزشتہ روز ہرارے سے ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے اچھا کھیل پیش کیا، عمران بٹ اور عابد علی نے بطور اوپنر پرفارمنس دکھائی، ہمارے لئے جنوبی افریقی کنڈیشنز میں پرفارم کرتے ہوئے جیتنا بڑی کامیابی ہے ۔زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز پر ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ نوجوان ٹیم میں خاص طور پر باؤلرز کا کردار اچھا رہا، حسن علی اور نعمان علی نے بہترین پرفارمنس دکھائی ہے ، ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ میں وائٹ بال کی اہم سیریز ہے ۔مصباح الحق نے کہا کہ گزرتے وقت کیساتھ پاکستان ٹیم فتوحات کے سفر پر چل رہی ہے ،ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کے نتائج بھی مثبت رہے ، نیوزی لینڈ میں جو فیلڈنگ کے مسائل تھے ان خامیوں کو دور کیا ہے اب ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے پلاننگ پرکام جلد شروع کریں گے ۔بابراعظم کی کپتانی کی تعریف کرتے ہوئے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی قیادت میں کافی بہتری آرہی ہے ، صورتحال کے مطابق فیصلہ کرنے میں بابر ثابت قدم رہے ہیں۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ زائد العمر کے باوجود کھلاڑی فٹ ہے تو وہ ٹیسٹ کرکٹ کھیل سکتاہے ، بڑی عمر کے کھلاڑی کو ضرور کھیلنے کا موقع دینا چاہیے ، جب میں خود پرفارمنس دے رہا تھا تو یونس خان جیسے کھلاڑی ٹیم میں تھے ، کچھ کمبی نیشن ایسے ہوتے ہیں کہ پرفارمنس کے باوجود جگہ نہیں ملتی۔ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ مجھ پر تنقید کرنے والے اپنا خون جلاتے رہیں، مجھے فرق نہیں پڑتا۔ ٹیم میں مڈل آرڈر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ مڈل آرڈر مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ پاکستان ٹیم درست سمت کی جانب گامزن ہے ۔انھوں نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کو اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز ورلڈکپ کی تیاری کا حصہ ہوگی۔
ناقدین اپنا خون جلاتے ہیں,مجھے فرق نہیں پڑتا,مصباح الحق کا اعلان
ہمت مزید