سائیکلنگ کے منفرد ریکارڈ اپنے نام کرنے والی پاکستانی خاتون ایتھلیٹ ثمر خان نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کے بیس کیمپ تک سائیکل پر جانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ثمر خان ایک پروفیشنل سائیکلسٹ ہیں اور وہ 2016 میں گلگت بلتستان میں ساڑھے چار ہزار میٹر بلندی پر واقع قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں بیافو گلیشیئر پر سائیکلنگ کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون بنی تھیں۔
تاہم اب انہوں نے پاکستان میں موجود دنیا کے دوسرے بلند ترین پہاڑ کے ٹو کے بیس کیمپ تک سائیکل کے ذریعے جانے کا دعویٰ کیا ہے، جس پر کئی لوگ انہیں جھوٹا قرار دے رہے ہیں۔
گرچہ ثمر خان کی جانب سے کے ٹو کے بیس کیمپ تک سائیکل کے ذریعے پہنچنے کے دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی لیکن حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں مذکورہ کارنامہ سر انجام دینے پر مبارک باد پیش کی گئی، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ثمر خان کا دعویٰ درست ہے۔