کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف اضلاع میں آج سے 11 ستمبر تک تیز اور موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ اس وقت مغربی مدھیہ پردیش بھارت پر موجود ہے اور ہوا کا یہ کم دباو مغرب کی جانب مسلسل بڑھ رہا ہے، جس کے باعث اس مون سون سلسلے کے زیر اثر،تھرپارکر،عمرکوٹ، سانگھڑ،میرپورخاص،بدین ، ٹھٹھہ میں آج سے11ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، جامشورو اور کراچی میں آج رات سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کا امکان ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ 11 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے، جب کہ آج رات سے 11 ستمبر تک سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکار پور اور دادو اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔