اسلام آباد ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانہ کیس میں جرح کا حق ختم کرنے پر وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
ہائیکورٹ میں وزیراعظم کے بیان پر جرح کا حق ختم کرنے کے سیشن کورٹ فیصلے کے خلاف خواجہ آصف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو سماعت کی کارروائی آگے بڑھانے سے روک دیا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا آپ کہتے ہیں کہ التواء عمران خان کی طرف سے ہوا؟ ہتک عزت کا کیس تو دو ماہ میں فیصلہ ہو جانا چاہیے تھا۔
خواجہ آصف کے وکیل نے کہا کہ دونوں فریقین کی جانب سے التواء لیا گیا۔ عدالت نے وزیراعظم سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ شوکت خانم ہسپتال سے متعلق الزامات پر وزیراعظم عمران خان نے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کے خلاف ہرجانے کا کیس دائر کیا ہے۔