کوئٹہ : فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کی جانب سے زیارت اور قلعہ سیف اللہ میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، شاہراہیں بحال ، تمام ادارے الرٹ ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ، پی ڈی ایم اے اور لیویز حکام کا زیارت اور قلعہ سیف اللہ میں ریسکیو آپریشن اور امدادی کارروائیاں جاری ہے ۔ کوئٹہ، زیارت شاہراہ، اور زیارت ،سنجاوی شاہراہ آمدورفت کیلئے جزوی طور پر بحال کردیئے گئے ہیں۔ قائداعظم ریزیڈنسی اور سی ایم ہاوس سے ملحقہ سڑکوں سے برف ہٹا کر ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے جبکہ زیرو پوائنٹ اور خندی سر میں برفباری ہٹانے کا کام ایمرجنسی بنیادوں پر جاری ہے۔ سیاح کم تعداد میں زیارت کی طرف رخ کررہے ہیں جبکہ زیادہ تر گاڑیاں زیارت سے نکل کر کوئٹہ اور اندرون بلوچستان کی طرف رواں دواں ہے ۔ زید براں فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ نے پی ڈی ایم اے اور لیویز حکام کے ساتھ مل کر خانوزئی اور کان مہترزئی کے علاقوں میں ایمرجنسی بنیادوں پر برف ہٹا کر قومی شاہراہ کو آمدورفت کیلئے بحال کردیا ہے ۔ واضح رہے حکومت بلوچستان نے متوقع بارشوں اور برفباری کے پیش نظر فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی ہیں جس کے باعث فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ، اور صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ آتھارٹی، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے بروقت تیار ہیں ۔