کوئٹہ: ینگ ڈاکٹرز کی ریڈ زون جانے کی کوشش، 20 ڈاکٹرز گرفتار

پولیس اور ڈاکٹر ز کی دھکم پیل میں 6پولیس اہلکار بھی زخمی ، حکومت ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کا نوٹس لے ، مریضوں کا مطالبہ

کوئٹہ ( آن لائن )کوئٹہ میں پو لیس نے ریڈ زون جانے کی کوشش کرنیوالے ینگ ڈاکٹرز پر لاٹھی چارج کرکے 20 ڈکٹروں کو گرفتار کر لیا جبکہ 6 پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطاطق ینگ ڈاکٹرز نے بدھ کو اپنے مطالبات کے حق میں ریڈزون میں وزیراعلیٰ ہاؤس کیسامنے مظاہرے کااعلان کر رکھا تھا۔ینگ ڈاکٹرز مطالبات کے حق میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے سے ہڑتال اور احتجاج پر ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز نے سنڈیمن اسپتال سے انسکمب روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی جس میں ینگ ڈاکٹرز کے علاوہ پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسز کے نمائندے بھی شریک ہوئے ۔ینگ ڈاکٹرز کی ریلی کیموقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ ریڈزون کو جانے والے راستے خاردار تاریں لگا کر بند کردیے گئے ۔ پولیس نے وزیراعلیٰ ہائو س کے سامنے جانیوالے ینگ ڈاکٹر پر تشدد اور لاٹھی چارج کیا اور ریڈ زون کی جانب جا نے کی کوشش کرنیوالے 20ڈاکٹرز کو گرفتار کر لیا جبکہ پولیس کے ساتھ دھکم پیل میں 6پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔ترجمان وائی ڈی اے کے مطابق پولیس کے تشدد سے10سے زائد ینگ ڈاکٹرزاورپیرامیڈیکل عملے کے ارکان زخمی ہوگئے۔کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ان ڈور سروسز اور او پی ڈیز بند رہی جس کے باعث مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ ا ۔مریضوں کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اور محکمہ صحت ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال پر بے توجہی اور بیحسی کا شکار ہیں، انہیں عوام کے کسی مسئلے کا ادراک نہیں ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کا نوٹس لیتے ہوئے اسے فوری ختم کروائے تاکہ عوام کو سہولت میسر آسکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.