پیپلز پارٹی کی جانب سے اعلان کردہ مارچ میں جیالے اور عوام بھر پور شرکت کرینگے ‘ رکن صوبائی کونسل پاکستان پیپلز پارٹی
پشاور(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی کونسل الحاج عابد علی نے کہا ہے کہ 27فروری کا دن عمران حکومت کے خاتمے اور زوال کا دن ثابت ہو گا۔ وہ پشاور کی گلی کوچوں میں جیالوں و کارکنوں کو 27فروری کے مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں متحرک کرنے کی مہم کے دوران کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ حاجی عابد علی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے اعلان و حکم پر جیالے اسلام آباد کا رخ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اعلان کردہ مارچ میں صرف جیالے نہیں بلکہ عوام بھی بھر پور طریقے سے شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 27 فروری عمران حکومت کے خاتمے کا دن ہے نا اہل وفاقی حکومت کو ہر صورت جانا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں ہے۔ مہنگائی سے تنگ عوام چیئرمین بلاول بھٹو کے اشارے کے منتظر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے بار بار مہنگائی کے ڈرون حملے کئے جاتے ہیں جس کے باعث عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ افسوسناک ہے وزیر اعظم عمران خان نے بلز جلانے سمیت سول نا فرمانی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ بر سر اقتدار آکر عوام کو ریلیف دینگے تاہم اب تمام تر اعلانات سے مکر گئے ہیں اور عوام کی زندگی کو عذاب بنا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے موجودہ نا اہل و سلیکٹڈ حکمرانوں سے چھٹکارے کیلئے تگ و دو شروع کردیا ہے اور حکومت کے جانے تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے ۔