بلوچستان سمیت ملک بھر میں یکساں ترقی و خوشحالی ہمارا وژن ہے ،ثمینہ ممتاز زہری

بلوچستان سمیت ملک بھر میں یکساں ترقی و خوشحالی ہمارا وژن ہے ،ثمینہ ممتاز زہری
دشمن ملکی صورتحال کا فائدہ اٹھا کرملک میں دہشت گردی کے بزدلانہ حملوں کے ذریعے امن و امان سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے
پاکستا ن ہمارا وطن اور بلوچستان ہمارا صوبہ ہے ، ہم سب کو آپس کے اختلافات بھلا کر پاکستان بالخصوص بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے کام کرنا چاہئے
کوئٹہ ( پ ر) پاکستان کو نئے شروع ہونے والے سال کے آغاز میں ملی یکجہتی ، یگانگت اور بھائی چارے کی اشد ضرورت ہے ۔۔ ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے نئے عیسوی سال 2025کے آغاز کے موقع پر اپنے تہنیتی بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ دشمن ملکی صورتحال کا فائدہ اٹھا کرملک میں دہشت گردی کے بزدلانہ حملوں کے ذریعے امن و امان سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے ۔ دشمن کو اس کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستا ن ہمارا وطن اور بلوچستان ہمارا صوبہ ہے ، ہم سب کو آپس کے اختلافات بھلا کر پاکستان بالخصوص بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہئے۔ اس وقت ملک کوامن و امان کے ساتھ ساتھ معاشی اور سیاسی استحکام کی بھی سخت ضرورت ہے اس کے لئے تمام اداروں اور سیاسی پارٹیوں کو اختلافات بھلا کر ملک کی خاطر مل کر بیٹھنا ہوگا ۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ملکی سلامتی کے لئے پاک افواج اور سیکیورٹی ادارے دن رات کوشاں ہیں اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں یکساں ترقی و خوشحالی ہمارا وژن ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہم سینیٹ کے پلیٹ فارم سے بھرپور محنت کر رہے ہیں اور عوامی مسائل حل کرنے کے لئے یہ مشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کے آغاز میں پوری قوم کو عہد کرنا چاہئے کہ نئے سال میں اپنے اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے لئے دل میں جگہ بنائیں اور کھلے دل سے ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لئے کام کریں ۔ انہوں نے پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی اداروں کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و امان قائم کیا ہے جسے دہشت گرد مفاد پرست عناصر کی مدد سے سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے اورانشاءاللہ تعالیٰ آئندہ بھی ان کے مذموم مقاصد کو کسی صورت پورا نہیں ہونے دیں گی۔انہوں نے نئے سال کے آغاز پر امید ظاہر کی ہے کہ نیا سال پاکستان بالخصوص بلوچستان کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر سرمایہ کار بھرپور استفادہ حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ 2025 ءکو پاکستان کے لئے پرامن اور ترقی و خوشحالی کا سال بنائے اور ہم سب کو دشمنوں کی چالوں اور ناگہانی آفات سے محفوظ رکھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.