دبئی:پاکستان کے باکسر آصف ہزارہ نے ایشین ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرلیا ہے۔ کوئٹہ سے تعلق رکھنے آصف ہزارہ 52 کلو گرام کیٹیگری کے سپر فلائی فائٹ میں ایک اور جیت اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ باکسر آصف ہزارہ نے ورلڈ باکسنگ کونسل کے زیر اہتمام ایشین ٹائٹل دوبارہ جیت لیا ہے، اپنے مدمقابل انڈونیشین باکسر ایسرالومان کو شکست دے کر کامیابی سے ایشین ٹائٹل کا دفاع کیا ہے۔آصف ہزارہ نے سخت مقابلے کے بعد انڈونیشین باکسر کو شکست دی ہے، دونوں باکسرز کا مقابلہ دس راؤنڈز تک جاری رہا جبکہ آصف ہزارہ نے دس میں سے نو راؤنڈ جیت کر مقابلہ اپنے نام کیا۔دوسری جانب ایشین بوائے عثمان وزیر نے بھی کامیابی سے اپنے ٹائٹل کا دفاع کیا ہے، عثمان وزیر نے انڈونیشن باکسر کو پہلے راؤنڈ میں ہی ناک آؤٹ کردیا۔عثمان وزیر کا مقابلہ انڈونیشن ٹاپ باکسر رمادھان ویریم سے تھا جبکہ انہوں نے ڈبلیو بی سی ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا ہے۔ عثمان وزیر نے بھی گذشتہ سال دسمبر میں دبئی میں ہی ڈبلیو بی سی ٹائٹل جیتا تھا۔