پاکستان اورکشمیریوں کے ساتھ مذاکرات تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا: محبوبہ مفتی

سری نگر: بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے مودی حکومت سے پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ مذاکرات کرنے کے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ جب تک تنازعہ کشمیر حل نہیں ہوتا،خطے میں امن کا قیام نا ممکن ہے۔کشمیرمیڈیاکے مطابق محبوبہ مفتی نے جموں کے علاقے رام بن میں پارٹی کارکنوںسے خطاب کرتے ہوئے عوام پر زوردیا کہ وہ اگلے اسمبلی انتخابات میں پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (PAGD) میں شامل اتحادی پارٹیوں کو ووٹ دیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر گزشتہ 70سال سے ایک حل کا منتظرہے اور جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا اس وقت تک خطے میں امن قائم نہیں ہو گا اور اس کے لیے پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بات چیت ناگزیر ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو جیلوں میں بھیج کر صرف ظلم کی زبان بول رہی ہے۔بی جے پی کے اس دعوے پر کہ پارٹی نے دفعہ 370کی منسوخی کے بعد سب کچھ ٹھیک کر دیا ہے ، انہوں نے کہا اگر ان کا دعویٰ سچ ہے تو مقبوضہ جموں وکشمیر میں 10لاکھ فوجیوں کو تعینات کرنے کی کیا ضرورت ہے؟۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.