پاکستان اور قزاخستان کا مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے ذریعے باہمی تعاون کوفروغ دینے پر اتفاق

:پاکستان اوروسط ایشیائی ریاست قزاخستان نے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے ذریعے باہمی تعاون کوفروغ دینے پر اتفاق کیاہے۔وزارت اقتصادی امورکی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز سے قزاخستان کے نائب وزیر خارجہ علی بیگ بکائیوف نے بدھ کوملاقات کی،ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

دونوں ممالک نے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے ذریعے باہمی تعاون میں اضافہ پر اتفاق کیا۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے 13 ویں سیشن کی میزبانی اسلام آباد اور کراچی میں جنوری 2025 میں کی جائے گی۔ اس سیشن کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات کو دریافت کرنا ہے۔ملاقات کے دوران فریقین نے ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا۔

قزاخستان کے نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کے وسیع بنیادی ڈھانچہ کے نیٹ ورک بشمول سمندری بندرگاہوں اور سڑکوں کے روابط سے قزاخستان کو فائدہ پہنچانے کی خواہش کا اظہار کیا۔سیکرٹری اقتصادی امور نے اس ضمن میں قزاخستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ جے آئی سی کے تحت دونوں ممالک کے درمیان رابطے کو مزید بہتر بنایا جائیگا۔فریقین نے جے آئی سی سیشن سے قبل تجارت و سرمایہ کاری، زراعت اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں پر مشترکہ ورکنگ گروپ کی ملاقاتیں منعقد کرنے پر اتفاق کیا تاکہ اعلی سطحی اجلاس کے دوران فیصلہ سازی کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔

فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سیکرٹری اقتصادی امور اور قزاخستان کے نائب وزیرخارجہ نے پاکستان اور قزاخستان کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور نئے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے لئے بھرپور کوششوں کا عہد کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.