پاکستان کپ کے فائنل میں بلوچستان نے دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان نے ٹاس جیت کر خیبر پختونخوا (کے پی کے) کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔کے پی کے کی جانب سے کامران غلام (70) کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔
کے پی کے کی پوری ٹیم 46 اوورز میں 171 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔ریحان آفریدی ناٹ آؤٹ 27، محمد محسن خان 21 اور عادل امین 20 رنز بناسکے۔ اس کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔
بلوچستان کی جانب سے کپتان یاسر شاہ نے 4، خرم شہزاد اور عاکف جاوید نے 2،2 جبکہ اسد شفیق نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں بلوچستان نے عبدل بنگلزئی کے ناقابل شکست 80 رنز کی بدولت 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی 32 ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔
حسیب اللہ خان 45 اور عمران بٹ 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اسد شفیق 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
کے پی کے کی جانب سے دونوں وکٹیں کپتان خالد عثمان نے حاصل کیں۔
واضح رہے کہ نئے ڈومیسٹک ڈھانچے میں یہ بلوچستان ٹیم کی فرسٹ الیون کی پہلی کامیابی ہے۔