پاکستانی سیاست میں مداخلت ہوتی رہی ہے‘ یہ ہو نہیں سکتا کہ آپ مداخلت کرتے رہواور آج ذمہ دار سیاستدان قرار پائیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ معیشت بہتر کرنے کیلئے اداروں کو سیاسی جماعتوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنا ہو گا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیاست میں مداخلت ہوتی رہی ہے‘ یہ ہو نہیں سکتا کہ آپ مداخلت کرتے رہواور آج ذمہ دار سیاستدان قرار پائیں۔انہوں نے کہا کہ ایک سال میں اس تباہ شدہ معشیت کو ٹھیک نہیں کیا جا سکتا ہے، اسمبلیاں توڑنا کسی چیز کا حل نہیں ہے۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام چاہتی ہے کہ جنھوں نے یہ حشر کیا ملک کا ان کا بھی احتساب ہو، عمران خان نے کرپشن کی ہے ان کا بھی احتساب ہو۔ان کا کہنا ہے کہ اب جو فیصلے ہو رہے ہیں وہ پاکستان کے مستقبل کے لیے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت بنے تین ہفتے ہو گئے ہیں، حکومت کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے،ملک کی معاشی صورتحال نے سیاست کو ثانوی حیثیت دیدی ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما خاقان عباسی نے کہا ہے کہ احتساب کا حال دیکھنا ہے تو عدالتوں میں آ کر دیکھیں، لوگوں کی تذلیل کیلئے جھوٹے کیسز بنائیگئے۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں احتساب کا نیا ادارہ بنانا ہوگا، اتحادی حکومت کے درمیان اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔انہوں نے کہا ہیکہ ہمارے کیسز بے شک چلتے رہے، عمران خان بھی اپنے کیسز کا سامنا کریں اور چیئرمین نیب بھی عدالتوں کے سامنے پیش ہوں۔گزشتہ روز ان کا کہنا تھا موجوہ حکومت کی کوشش ہے معاملات پر قابو پایا جائے۔آج سیاسی مفادات کو پیچھے کرکے ملک کو اولین ترجیح دینا پڑے گی۔انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کی حکومت نے 4 سال میں خرابیاں پیدا کی ہیں۔سیاسی مفادات کو پیچھے ڈالنا پڑے گا۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جو حالات ہیں ان میں سیاست ثانوی حیثیت اختیار کر گئی، غلطیاں کسی اور کی ہیں، معیشت کی حالت کو ملاحظہ کریں۔شاہد خاقان نے مزید کہا تھا کہ قرض پر لیتے رہے اور ملک چلاتے رہے، ان معاملات پر قابو پانا آسان نہیں ہوتا، انشائاللہ ملکی معیشت کو استحکام دیں گے۔عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ عمران خان سے جان چھوٹ گئی ہے۔ملک میں احتساب کے معاملات عوام کے سامنے آ چکے ہیں،اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ احتساب کے عمل کو بھی برقرار رکھے اور نیب بھی ختم کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ میں مشاورت ہوئی کہ کس طرح ملکی معاملات حل کیے جائیں۔