کولکتہ:بھارت کے شہر کولکتہ میں ہونے والے تیز ہوا اور طوفانی بارش سے جہاں کافی لوگ زخمی ہوئے ہیں وہیں ایڈن گارڈن کرکٹ اسٹیڈیم کو بھی نقصان پہنچا ہے۔مگر موسم نے کرکٹ شائقین کے ساتھ ساتھ بی سی سی آئی کا بھی سردرد بڑھا دیا ہے۔مغربی بنگال میں موسم کا قہر جاری ہے۔ تیز ہوا اور بارش کے سبب کافی لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔کولکتہ میں بھی آندھی، طوفان کے ساتھ تیز بارش ہو رہی ہے۔ آئی پی ایل کے پلے آف سے پہلے موسم کے بدلے مزاج کے سبب ایڈن گارڈنس تباہ ہوگیا ہے۔طوفان کے سبب اسٹیڈیم کا پریس باکس بھی ٹوٹ گیا ہے۔ طوفان کی تیزی اتنی خطرناک تھی کہ اسٹیڈیم کے میڈیا باکس کے آگے کا شیشہ بھی چکنا چور ہوگیا۔کچھ اشتہارات کے ہورڈنگ بھی ٹوٹ گئے ہیں۔ یہی نہیں گراونڈ کور کا ایک حصہ بھی ٹوٹ گیا ہے، خراب موسم کے سبب آج کا میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔بی سی سی آئی صدرسارو گنگولی نے میچ سے پہلے اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ میچ سے پہلے سبھی چیزوں کو ٹھیک کردیا جائے گا۔