کورس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان تھروبال فیڈریشن کے صدر محمد رزاق گل تھے
اسلام آباد : پاکستان تھروبال فیڈریشن اور پاکستان روپ سکیپنگ فیڈریشن کے زیراہتمام چار روزہ نیشنل تھروبال اور روپ سکیپنگ کوچنگ کورس کالام میں اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ کورس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان تھروبال فیڈریشن کے صدر محمد رزاق گل تھے۔ اس موقع پر پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور پاکستان روپ سکیپنگ فیڈریشن کے صدر مقبول آرائیں، پاکستان روک بال فیڈریشن کی سیکرٹری امہ لیلی اور پنجاب تھروبال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رانا سجاد اکبر، پاکستان واپڈا ٹیم کے کوچ سیف اللہ، اسلام آباد سپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر رانا تنویر احمد بھی موجود تھے اور کورس میں ملک بھر سے 40 مرد اور خواتین نے حصہ لیا۔ کورس میں پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں، ٹیکنیکل آفیشلز عائشہ رزاق اور فضل عباس نے شرکاء کو گیمز کے قوانین کے حوالے لیکچرز دیئے اور گرائونڈ میں پریکٹیکل کروائے گئے۔اور کورس کے اختتام پر پاکستان تھروبال فیڈریشن کے صدر محمد رزاق گل نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔