پاکستان میں مہنگائی کی شرح گزشتہ سال کی نسبت اس سال دوگنا سے زیادہ ہو گی

رواں برس مہنگائی کی شرح 27 اعشاریہ 5 فیصد تک ہو گی،پاکستان کی معیشت سست روی کا شکار رہے گی
جڑانوالہ:پاکستان میں مہنگائی کی شرح گزشتہ سال کی نسبت اس سال دوگنا سے زیادہ ہو گی۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے آؤٹ لک رپورٹ جاری کی ہے،رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان کی معیشت سست روی کا شکار رہے گی۔گزشتہ سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 12 اعشاریہ 2 فیصد تھی جو اس سال بڑھ کر 27 اعشاریہ 5 فیصد تک ہو جائے گی۔پاکستان میں معاشی شرح نمو کی گروتھ میں 0.6 فیصد کمی ہوئی ہے،رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 2 فیصد تک ہو گی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ 20 سال میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے 10 بڑے ملکوں میں پاکستان بھی شامل ہے،سیلاب کی وجہ سے پاکستان کی پیداوار متاثر ہوئی جو مہنگائی بڑھنے،کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور فارن ایکس چینج ذخائر میں کمی کا سبب ہے،پاکستان میں مالی خسارہ 6 اعشاریہ 9 فیصد تک پہنچ رہا ہے۔یاد رہے کہ ملک میں اشیائے خورد و نوش کی مہنگائی ہوشربا 50 فیصد ہو گئی، پاکستان میں مہنگائی کی سالانہ شرح ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، آئندہ مہینوں میں مہنگائی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ رپورٹ کے مطابق ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے بتایا گیا کہ مارچ 2023 میں ملک میں اشیائے خورد و نوش کی مہنگائی 50 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ مجموعی سالانہ مہنگائی کی شرح 35 فیصد سے زائد رہی، جو ملکی تاریخ میں مہنگائی کی سب سے بلند ترین شرح ہے۔ اسی طرح پاکستانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایک سال میں ملک میں مہنگائی کی شرح میں 200 فیصد تک اضافہ ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.