:وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان جاری سال کے دوران یوان پرمبنی بانڈ جاری کر رہا ہے، جاری مالی سال کے دوران مجموعی قومی پیداوار میں 3.5 فیصد کی نمو کا امکان ہے۔انہوں نے یہ بات بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مالیات کے حصول کیلئے جاری مالی سال کے دوران پاکستان چینی کرنسی یوان پر مبنی ڈالر بانڈ جاری کر رہا ہے، آنے والے چھ سے 9 ماہ کی مدت میں چینی سرمایہ کاروں سے 200 سے لیکر 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ پروگرام میں طے کردہ شرائط کے حصول میں پرعزم ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ 50 برسوں میں پاکستان قرضہ کے 25 پروگرام کر چکا ہے، قرضوں کے اس چکر کے خاتمہ کیلئے ہمیں توانائی، ٹیکس محصولات کے حصول اور ریاستی ملکیتی اداروں کی بہتری سمیت کلیدی شعبوں میں اصلاحات کا عمل آگے بڑھانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جاری مالی سال کے اختتام پر جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، گزشتہ سال جی ڈی پی کی شرح نمو 2.5 فیصد تھی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ملکی برآمدات، ترسیلات زر اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، کلی معیشت کی صورتحال مستحکم ہے، اب ہمیں پائیدار نمو پر اپنی توجہ مرکوز کرنا ہے، ہمیں معیشت کے ڈی این اے کو تبدیل کرنا ہے،معیشت کو برآمدات پر مبنی نمو کی بنیاد پر استوار کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔