جناح پولو فیلڈز کے زیراہتمام آٹھ گول ٹورنامنٹ میجر جنرل سعید الزماں جنجوعہ میموریل پولو کپ سپانسرڈ بائی جے ایس بینک کے تیسرے دن ٹیم بلوچستان نے زبردست مقابلے کے بعد آخری لمحوں میں ڈائمنڈ پینٹس کو 9-7 سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جناح پولو فیلڈز میں پولو کے دلچسپ مقابلے جے ایس بینک کے تعاون سے جاری ہیں۔
اس موقع پر کلب کے سیکرٹری میجر علی تیمور (ر)، جے ایس بینک کے ریجنل ہیڈ ماجد قریشی، جنرل سعید الزماں کے صاحبزادے بریگیڈیئر بدر الزماں (ر)اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈائمنڈ پینٹس اور ٹیم بلوچستان کے درمیان زبردست میچ رہا جس کا فیصلہ آخری چکر میں ٹیم بلوچستان کی 9-7 سے فتح پر ہوا۔ ٹیم بلوچستان کی طرف سے ممتاز عباس نیازی نے پانچ اور راجہ میکائل سمیع نے چار گول سکور کیے۔ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے میر حذیفہ احمد، راجہ تیمور ندیم اور راجہ جلال ارسلان نے دو دو گول جبکہ میر شعیب کی جگہ کھیلنے والے فرہاد شیخ نے ایک گول سکور کیا۔ فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔