کلیکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے بلوچستان پولیس اور فرنٹیئر کور (نارتھ) بلوچستان کی معاونت سے دو کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران سمگل شدہ سامان کی بڑی کھیپیں ضبط کر لیں ۔ضبط کی گئی اشیاء میں بینسن اینڈ ہیجز، مارلبرو اور 555 جیسے غیر ملکی سگریٹس برانڈ شامل ہیں ۔
اس کے علاوہ بھارتی گٹکہ ، ٹائرز، چھالیہ اور سگریٹ کے کاغذ بھی برآمد کئے گئے ہیں۔
برآمد شدہ اشیاء کی مجموعی مالیت کا تخمینہ چھتیس کروڑ اسی لاکھ روپے ہے۔ایف بی آر کی جانب سے منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی یہ کارروائیاں سمگلنگ کی روک تھام اور قومی معیشت کے تحفظ کے لیے کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کی مسلسل کوششوں کی عکاس ہیں۔ ان کارروائیوں کی کامیابی میں بلوچستان پولیس اور فرنٹیئر کور کی موثر رابطہ کاری اور بروقت تعاون نے کلیدی کردار ادا کیا۔ایف بی آر سمگلنگ، غیر قانونی تجارت اور بدعنوانی کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔