بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی اینٹی کوئیکری ٹیم نے کیچی بیگ کے علاقے کلی کمالو میں غیر قانونی طبی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعددکلینکس اور لیبارٹریز کا معائنہ کیا۔فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ نے اے پی پی کوبتایا کہ منگل کے روز بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی اینٹی کوئیکری ٹیم نے کیچ بیگ میں کارروائی کے دوران تین کلینکس پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر ایک کلینک کو سیل کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ ایک ڈینٹل کلینک اور ایک لیبارٹری پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ ایک کلینک کو قواعد و ضوابط کی عدم تعمیل پر نوٹس جاری کیا گیا۔یہ کارروائیاں بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019 اور لائسنسنگ و اینٹی کوئیکری ریگولیشنز 2024 کے تحت عمل میں لائی گئیں، جن کا مقصد عوام کو غیر معیاری اور غیر قانونی طبی مراکز سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔کمیشن نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر میں غیر مجاز طبی سرگرمیوں کے خاتمے اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ عطائیت یا غیر لائسنس یافتہ مراکز کی اطلاع کمیشن کو دیں۔