صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہاہے کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوںسے عوام کی معیار زندگی بہتر ہوگی ،وفاقی حکومت کے تعاون سے شاہراہوں کی تعمیر و توسیع، توانائی کے منصوبے بلوچستان کی تقدیر بدل دیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور صوبے بھر میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، آبنوشی، سڑکوں کی تعمیر اور روزگار کے مواقع کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔وفاقی حکومت کے تعاون سے بلوچستان میں اہم ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں شاہراہوں کی تعمیر و توسیع، توانائی کے منصوبے، تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز کا قیام شامل ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہوگا۔