امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہاکہ ایران کی بہادری،استقامت اور جرات نے پوری امت مسلمہ میں ایک نئی روح اور حوصلہ پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلم ممالک باہمی اتحاد، یکجہتی اور اخوت کا مظاہرہ کریں تو نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جارحانہ اور دہشت گردانہ پالیسیوں نے دنیا کا امن و سکون تباہ کر دیا ہے۔ ان کی مداخلتوں، جنگوں اور سازشوں کی وجہ سے کئی خطے بدامنی، تباہی اور انسانی بحران کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین، شام، عراق اور دیگر مسلم خطوں میں جاری ظلم و ستم اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی طاقتیں اپنے مفادات کے لیے انسانیت کو قربان کرنے سے بھی گریز نہیں کرتیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے مشکل حالات میں جس جرات، استقامت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے وہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک مثال ہے۔ ایران کی ثابت قدمی مسلم دنیا کے لیے حوصلہ افزا پیغام ہے کہ اگر عزم اور اتحاد موجود ہو تو بڑی سے بڑی طاقت کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ آج وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان، ایران، ترکی اور عرب ممالک سمیت تمام مسلم ممالک باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔
اگر مسلم دنیا اقتصادی، دفاعی اور سفارتی سطح پر متحد ہو جائے تو نہ صرف اپنے مسائل حل کر سکتی ہے بلکہ دنیا میں امن، انصاف اور ترقی کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ باہمی اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دے اور عالمی سطح پر انصاف اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ جدوجہد کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان مضبوط اتحاد ہی خطے کو بیرونی مداخلت، جنگوں اور سازشوں سے بچا سکتا ہے اور یہی اتحاد دنیا کے لیے حقیقی امن اور خوشحالی کا ضامن بن سکتا ہے