عوام کو معیاری اشیاخوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کاروائیاں جاری ہیں،ڈی جی فوڈ اتھارٹی

رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اور محفوظ اشیاخوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کاروائیاں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان کے مطابق صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے کی خصوصی ہدایات پر انسپیکشن ٹیموں کو خصوصی ٹاسک تفویض کیے گئے ہیں جن کے تحت ماہِ صیام کے دوران مختلف غذائی مراکز کی مرحلہ وار چیکنگ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رمضان کے ابتدائی اور درمیانی عشروں میں دودھ، مشروبات، سموسہ و پکوڑا شاپس، نان شاپس ، جنرل اسٹورز اور گوشت کی دکانوں کی انسپیکشن پر خصوصی توجہ دی گئی جبکہ آخری عشرے میں بیکریوں اور بیکنگ یونٹس کی جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو معیاری اور محفوظ مٹھائیاں اوربیکری مصنوعات دستیاب ہوں۔
ڈی جی بی ایف اے کے مطابق بعض عناصر خصوصا رمضان المبارک میں زیادہ منافع کے حصول کے لیے ناقص اور مضر صحت اشیا فروخت کر کے عوام کی صحت کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔

اسی تناظر میں بی ایف اے کی ٹیموں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ دن اور رات مارکیٹوں کی کڑی نگرانی اور غیر معیاری خوراک کی تیاری و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق رمضان المبارک میں شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے معائنوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔دوسری جانب کوئٹہ کے مختلف علاقوں سمیت لورالائی اور اوستہ محمد میں بیکرز، بیکنگ یونٹس اور دیگر فوڈ آٹ لیٹس کی چیکنگ کے دوران دو بیکنگ یونٹس کو سنگین خلاف ورزیوں پر سیل جبکہ متعدد بیکریوں اور کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.