بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں ’’معرکۂ حق‘‘ کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پرچم کشائی کی گئی۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ، سابق ہیڈ آف بلوچستان تھنک ٹینک بریگیڈیئر (ر)آغا احمد گل، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکا نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
وائس چانسلر نے کہا کہ معرکۂ حق ہمیں قومی اتحاد، قربانی اور وطن سے محبت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا روشن مستقبل ہے اور انہیں قومی اقدار، اتحاد اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔سابق سربراہ بلوچستان تھنک ٹینک بریگیڈیئر (ر)آغا احمد گل نے کہا کہ پاکستان کی بقا اور ترقی قومی یکجہتی سے وابستہ ہے۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ قومی شعور اور ذمہ داری کا بھی مظاہرہ کریں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وطن عزیز کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔