بلاول بھٹو کے 11 صحت منصوبے بلوچستان کے لیے تاریخی تحفہ ہیں،چنگیز خان جمالی

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق صوبائی صدر اور سابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر چنگیز خان جمالی نے کوئٹہ میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے شعبہ صحت کے 11 اہم منصوبوں کے افتتاح کو بلوچستان کے عوام کے لیے ایک تاریخی اور انقلابی اقدام قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں میں ہنگامی طبی امداد، ٹراما کیئر، ماں اور بچے کی صحت، بنیادی طبی سہولتوں کی فراہمی، ایئر ایمبولنس سروس، حفاظتی ٹیکہ جات، جدید ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم، سرکاری ملازمین کی ہیلتھ انشورنس، ٹی بی کے علاج اور دور دراز علاقوں تک فوری طبی رسائی جیسے اہم منصوبے شامل ہیں، جو بلوچستان کے عوام کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری لائیں گے۔
میر چنگیز خان جمالی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو اپنی سیاست کا محور بنایا ہے۔ پارٹی اپنے قیام سے لے کر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے عوامی مشن کی تکمیل کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج صدر مملکت آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی متحرک قیادت میں سندھ اور بلوچستان میں ترقیاتی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر دن رات کام جاری ہے۔
کوئٹہ میں 11 بڑے صحت منصوبوں کا افتتاح اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل اور محروم طبقات کو سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔میر چنگیز خان جمالی نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کوئٹہ آمد اور صحت کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت اس امر کی عکاس ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کے دکھ درد کو سمجھتی ہے اور عوام کے ساتھ اس کا رشتہ محض سیاسی نہیں بلکہ خدمت، اعتماد اور محبت پر مبنی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.