کوئٹہ میں ٹیکس نادہندگان کے خلاف بڑی کارروائی، پیٹرول پمپ، چار گودام اور 30 دکانیں سیل

کوئٹہ، 18 جون: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف جاری مہم کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک پیٹرول پمپ، چار گوداموں اور 30 دکانوں کو سیل کر دیا۔

محکمہ ایکسائز ٹیکس برانچ کی جانب سے یہ کارروائیاں سریاب روڈ، اولڈ ٹرک اڈہ اور سیٹلائٹ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔ حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد طویل عرصے سے واجب الادا کوٹہ ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنانا اور ٹیکس قوانین پر مؤثر عملدرآمد کرنا ہے۔

ای ٹی او ایکسائز نے بتایا کہ متعلقہ ٹیکس نادہندگان کو واجبات کی ادائیگی کے لیے متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے تھے، تاہم مقررہ مدت میں ادائیگی نہ ہونے پر قانون کے مطابق جائیدادوں کو سیل کیا گیا۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق ٹیکس وصولی مہم بلاامتیاز جاری رہے گی اور سرکاری واجبات کی مکمل ادائیگی تک سیل شدہ املاک نہیں کھولی جائیں گی۔

محکمہ نے شہریوں اور کاروباری افراد پر زور دیا ہے کہ وہ بروقت ٹیکس ادا کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے اور قومی محصولات کی وصولی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.